دبئی کے ہوٹل میں روسی فضائی میزبان کا قتل، سابق شوہر گرفتار۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی کے ووکو بوننگٹن ہوٹل میں روسی فضائی میزبان انستسیا کی لاش ملی جس پر خنجر کے پندرہ سے زائد زخم تھے۔ واقعے نے عالمی توجہ حاصل کر لی ہے۔
پچیس سالہ انستسیا روسی ایئرلائن پو بیڈا سے وابستہ تھیں اور دبئی میں آرام کے لئے قیام پذیر تھیں۔ پولیس کے مطابق قتل کا الزام اس کے سابق شوہر البرٹ مورگن پر ہے، جو مبینہ طور پر اناستسیا پر شبہ کرتے ہوئے دبئی پہنچا تھا۔
البرٹ نے ہوٹل میں مہمان ظاہر کر کے اندر داخل ہونے کے بعد اناستسیا کے کمرے کا دروازہ کھلوایا اور جھگڑے کے نتیجے میں اسے قتل کر دیا۔ قتل کے بعد ملزم فرار ہو کر روس پہنچ گیا۔
دبئی پولیس نے ہوٹل کے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزم کی شناخت کی اور روسی حکام کو مطلع کیا، جس کے بعد سینٹ پیٹرز برگ میں اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ملزم نے عدالت سے یوکرین کے محاذ پر بھیجنے کی درخواست کی، جو مسترد کر دی گئی۔
روسی اور اماراتی حکام باہمی تعاون سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو واضح کیا جا سکے۔















