رینجرز اور ایس آئی یو کی کارروائی میں بھتہ خور گرفتار

رینجرز اور ایس آئی یو نے کراچی میں جمیل چھانگا گروپ کے دو بھتہ خور گرفتار کر لیے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
رینجرز اور ایس آئی یو کی کارروائی میں بھتہ خور گرفتار

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی کے علاقے گارڈن میں رینجرز اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جمیل چھانگا گروپ کے دو اہم بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حماد عرف چیل اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے بھتہ خوری میں استعمال ہونے والی پرچیاں، موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان بیرون ملک مقیم بھتہ مافیا کے سرغنہ جمیل چھانگا کے ساتھ رابطے میں تھے اور کراچی کے مختلف علاقوں میں بھتہ وصولی کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ حماد اور عبداللہ نے جہانگیر روڈ پر زیر تعمیر عمارت اور گارڈن کے علاقے میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کی، جس سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں بھتہ خوری اور اقدامِ قتل کے مقدمات درج ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں