پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم زمبابوے میں ورلڈ کپ اور تین ملکی سیریز میں شرکت کے لیے روانہ ہوگئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایشین چیمپئن کی حیثیت سے تین ملکی سیریز اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے زمبابوے روانہ ہو گئی۔
ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں، روانگی سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹیم سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں و آفیشلز کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
پاکستان ٹیم اسلام آباد سے دبئی کے راستے زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے پہنچی، جہاں تمام 15 کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ شامل ہیں۔
تین ملکی سیریز کا آغاز 25 دسمبر کو ہوگا، جبکہ پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا پہلا مقابلہ 27 دسمبر کو کھیلے گی۔ پی سی بی حکام کے مطابق کھلاڑی پُرعزم اور پُراعتماد ہیں، جبکہ ٹیم انتظامیہ نے دورے کے دوران بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کی ہے۔















