مسجد نبویؐ کے مؤذن شیخ فیصل نعمان انتقال کر گئے، انہیں جنت البقیع میں سپرد خاک کیا گیا۔
مدینہ منورہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مسجد نبویؐ کے مؤذن شیخ فیصل نعمان کا انتقال ہوا۔ انہیں نماز فجر کے بعد مدینہ منورہ کے تاریخی جنت البقیع قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مسجد انتظامیہ کے مطابق، شیخ فیصل نعمان کا انتقال 23 دسمبر کو ہوا۔ وہ 2001 میں مسجد نبوی کے مؤذن مقرر ہوئے تھے۔ ان کی آخری اذان کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔
شیخ فیصل کے خاندان میں اذان دینا روایت رہی ہے۔ ان کے والد اور دادا بھی مسجد نبوی میں مؤذن رہے ہیں۔ ان کے والد نے 14 سال کی عمر میں مؤذن مقرر ہونے کے بعد 90 سال کی عمر تک خدمات انجام دیں۔ والد کے انتقال کے بعد شیخ فیصل نے یہ ذمہ داری سنبھالی۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے مذہبی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے شیخ فیصل نعمان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔














