انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر نے ایشز سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی مبینہ شراب نوشی کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر روب کی نے ایشز سیریز کے دوران دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان وقفے میں کھلاڑیوں کی مبینہ حد سے زیادہ شراب نوشی کی رپورٹس کی تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں تیسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز 82 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 3-0 کی برتری حاصل کی۔ اس سے قبل پرتھ اور برسبین میں انگلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلش ٹیم نے نوسا میں مختصر وقفہ کیا، جہاں رپورٹس میں کھلاڑیوں کی مسلسل شراب نوشی کی اطلاعات آئیں۔ روب کی نے کہا کہ اگر یہ درست ہے، تو یہ ناقابلِ قبول ہوگا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی چھٹیوں کو بیچلر پارٹی کی طرح پیش کیے جانے کی مخالفت کی۔
ایشز سیریز سے قبل روب کی نے انگلش اسکواڈ کو غیر ذمہ دارانہ حرکتوں سے بچنے کی ہدایت کی تھی۔ چوتھا ٹیسٹ جمعے کو میلبورن میں ہوگا۔ دوسری جانب، آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا کہ ان کی ٹیم جشن کے باوجود مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔















