نیپرا نے نجی پاور پلانٹس سے بجلی کی خریداری کے لیے ویلنگ چارجز کی منظوری دے دی، جو صنعتی اور بڑے صارفین کے لیے مخصوص ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیپرا نے نجی پاور پلانٹس سے بجلی خریداری کے لیے ویلنگ چارجز کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ویلنگ چارجز کی ادائیگی 11 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نیٹ ورک کے استعمال کے لیے ہوگی۔
ویلنگ چارجز کی منظوری صنعتی اور دیگر بڑے بجلی صارفین کے لیے دی گئی ہے۔ مختلف ڈسکوز کے لیے مختلف ویلنگ یا گرڈ چارجز کی منظوری دی گئی ہے۔ کم سے کم 3 روپے 44 پیسے فی یونٹ جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 روپے 24 پیسے فی یونٹ تک ویلنگ چارجز کی منظوری دی گئی ہے۔
بجلی کے بڑے صارفین نجی پاور پلانٹس سے بجلی خریداری کے ڈائرکٹ سودے کر سکیں گے اور سرکاری ترسیلی نظام استعمال کریں گے۔ بجلی کی ترسیل کی قیمت کو ویلنگ چارجز کہا جاتا ہے۔
باہمی مسابقتی تجارتی مارکیٹ کے اس نظام کے تحت کم از کم ایک میگاواٹ تک بجلی خریدنی ہوگی۔ بجلی فروخت کنندہ صارف سے ویلنگ چارجز وصول کر کے متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی کو فراہم کرے گا۔ وفاقی حکومت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں یکساں ویلنگ چارجز کے لیے درخواست جمع کرائے گی۔















