پنجاب میں 13 ارب روپے کے جدید شرمپ ایکوا کلچر اسٹیٹ منصوبے کا آغاز، سرگودھا میں اجلاس منعقد۔
سرگودھا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بلیو اکانومی وژن کے تحت سرگودھا میں 13 ارب روپے کی لاگت سے جدید شرمپ ایکوا کلچر اسٹیٹ کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت شروع ہو گئی ہے۔ پہلا باضابطہ اجلاس کمشنر آفس سرگودھا میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں منصوبے کے انتظامی، تکنیکی اور مالی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ منصوبہ تحصیل سرگودھا میں شروع کیا جا رہا ہے، جس کی مدت 2028 تک مقرر ہے۔
سیکرٹری ایکوا کلچر اینڈ فشریز رانا محمد سلیم افضل نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی خصوصی نگرانی میں ہے، جس کا مقصد بلیو اکانومی کو فروغ دینا اور شرمپ کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سیم زدہ علاقوں کو کارآمد بنانے کے لیے یہ ایک مؤثر ماڈل ہے، جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق منصوبے کے تحت جدید فش ہیچریز، پروسیسنگ یونٹس اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی تاکہ مقامی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق برآمد کے قابل بنایا جا سکے۔














