طالبان نے منشیات اور شراب کی اسمگلنگ میں ملوث 11 افراد کو سرعام کوڑے مارے۔
کابل: (رائیٹ ناوٴ نیوز) طالبان نے منشیات اور شراب کی اسمگلنگ میں ملوث 11 افراد کو سرعام کوڑے مارنے کی سزا دی۔ ان افراد کی سزائیں سپریم کورٹ میں برقرار رکھی گئیں اور آج ان پر عمل درآمد ہوا۔
ان مجرمان پر نشہ آور گولیوں، میتھامفیٹامین، شراب اور چرس کی اسمگلنگ کے الزامات ثابت ہوئے اور انہوں نے اعتراف جرم بھی کیا۔ عدالتی فیصلے کے تحت ہر فرد کو جرم کی نوعیت کے اعتبار سے 10 سے 30 کوڑے اور 7 ماہ سے 3 سال قید کی سزا دی گئی۔
امیر طالبان ملا ہبتہ اللہ کی ہدایت پر قتل اور منشیات اسمگلنگ کے مجرمان کو سزائیں دینے کا عمل تیز کیا گیا ہے۔ گزشتہ تین ماہ میں ملک بھر میں 346 افراد کو کوڑوں کی سزا دی جا چکی ہے۔
اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق سرعام جسمانی سزائیں بین الاقوامی انسانی حقوق سے متصادم ہیں، جبکہ طالبان کا کہنا ہے کہ یہ سزائیں اسلامی قوانین کے تحت جرائم کے خاتمے کے لیے ضروری ہیں۔













