ناسا کی جیمز ویب ٹیلی اسکوپ نے لیموں کی شکل کا سیارہ PSR J2322-2650b دریافت کیا ہے، جو تیزی سے مدار میں گردش کرتا ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ناسا کی جیمز ویب ٹیلی اسکوپ نے لیموں جیسی شکل کا انوکھا سیارہ دریافت کیا ہے۔ یونیورسٹی آف شکاگو کے ماہرین نے اس سیارے کو PSR J2322-2650b کا نام دیا ہے۔ یہ سیارہ اپنے مرکزی ستارے کے قریب محض 10 لاکھ میل کے فاصلے پر گردش کر رہا ہے، جو زمین اور سورج کے درمیان فاصلے سے 100 گنا کم ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سیارے کا ایک سال صرف 7.8 گھنٹوں پر مشتمل ہے، جو اسے تیز ترین مدار والے سیاروں میں شامل کرتا ہے۔ اس کا مرکزی ستارہ ایک پلسر ہے، جس کی شدید کششِ ثقل نے سیارے کی ساخت کو لیموں کی شکل دی ہے۔
سائنس دانوں نے بتایا کہ اس سیارے کے ماحول میں ہیلیئم اور کاربن کی بھاری مقدار موجود ہے، جو تیز ہواؤں کا سبب بنتی ہیں۔ یہ دریافت کائنات کی ساخت اور سیاروں کے بارے میں موجود سائنسی تصورات کو چیلنج کرتی ہے۔















