2025 میں بیرون ملک ملازمتوں کا ہدف مکمل نہیں ہو سکا، 70 فیصد پورا ہوا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارت اوورسیز سال 2025 میں بیرون ملک ملازمتوں کا ہدف مکمل نہیں کر پائی۔ رواں برس کے دس لاکھ ملازمتوں کے ہدف کا صرف 70 فیصد ہی پورا کیا جا سکا۔ نومبر 2025 تک بیرون ملک ملازمت کے لیے روانہ ہونے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد 6 لاکھ 86 ہزار 292 رہی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، سب سے زیادہ 4 لاکھ 82 ہزار 581 پاکستانی کارکنوں نے سعودی عرب میں ملازمت اختیار کی۔ قطر میں 59 ہزار 511، متحدہ عرب امارات میں 42 ہزار 718، عمان میں 9 ہزار 146 اور بحرین میں 34 ہزار 284 پاکستانیوں کو ملازمت ملی۔
مختلف پیشوں کے لحاظ سے، مزدوروں کی تعداد 4 لاکھ 19 ہزار 75 رہی، جبکہ ڈرائیورز کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 753، الیکٹریشنز 6 ہزار 21، مکینکس 4 ہزار 606، مستری 4 ہزار 993 اور پلمبرز کی تعداد دو ہزار 14 تھی۔ انجینئرز 5 ہزار 191، ڈاکٹرز 3 ہزار 455 اور نرسز کی تعداد 1 ہزار 492 رہی۔
پہلے گیارہ ماہ میں پنجاب سے سب سے زیادہ 3 لاکھ 55 ہزار 412 افراد بیرون ملک گئے۔ خیبر پختونخوا سے 2 لاکھ 4 ہزار 442، سندھ سے 52 ہزار 459، بلوچستان سے 4 ہزار 778 افراد بیرون ملک روزگار کے لیے روانہ ہوئے۔ کشمیر سے 24 ہزار 829 اور سابقہ قبائلی علاقوں و شمالی علاقہ جات سے 37 ہزار سے زائد افراد بیرون ملک گئے۔

![2025 میں بیرون ملک ملازمتوں کا ہدف پورا نہ ہو سکا [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/14278_2025-12-22_14-45-24.webp)











