پی آئی اے کی نجکاری کے لیے کل بولی لگائی جائے گی، انتظامات مکمل۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کے لیے بولی کل 23 دسمبر کو لگائی جائے گی، جس کے لیے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی نجکاری میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کو بولی کے عمل میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔
قومی ائیرلائن پی آئی اے کے اثاثوں کی مالیت 150 ارب سے 190 ارب روپے کے درمیان ہے، جس میں 34 طیارے اور 90 سے زائد روٹس شامل ہیں۔ پی آئی اے یومیہ 70 پروازیں چلاتا ہے، جن میں 45 بین الاقوامی اور 25 ڈومیسٹک پروازیں شامل ہیں۔
حال ہی میں 34 میں سے صرف 18 طیارے آپریشنل ہیں جبکہ پی آئی اے کے 9,500 ملازمین ہیں جن میں ساڑھے 6 ہزار مستقل اور باقی کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں۔ پی آئی اے کے امریکہ اور فرانس میں قائم ہوٹلز کو ائیرلائن سے علیحدہ کرکے الگ کمپنی میں رکھا گیا ہے۔
پی آئی اے کی یومیہ آمدنی 600 سے 800 ملین روپے کے درمیان ہے۔ جنوری تا جون 2025 کے دوران پی آئی اے نے 112 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی۔ نجکاری کے بعد ایک سال تک ملازمین کی برطرفی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، لیکن تین سال تک ملازمین کو نہ نکالنے کی شرط کو مسترد کر دیا گیا۔
حکومت پی آئی اے کے 51 تا 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پی آئی اے مستقبل قریب میں لندن اور برمنگھم کی پروازیں شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

![پی آئی اے کی نجکاری، بولی کل لگائی جائے گی [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/14144_2025-12-22_10-13-48.webp)












