جنید صفدر کی شادی شانزے شیخ سے جنوری کے وسط میں ہوگی، تقریبات جاتی عمرہ میں ہوں گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کی تاریخ طے پا گئی ہے۔ شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں منعقد ہوں گی۔ جنید صفدر کی ہونے والی اہلیہ شانزے شیخ، مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔
شادی کی تقریبات سولہ، سترہ اور اٹھارہ جنوری کو ہوں گی۔ شیخ روحیل اصغر نے بتایا کہ مریم نواز اپنی بڑی بیٹی اور داماد راحیل منیر کے ساتھ رشتہ لے کر آئی تھیں، اور میاں نواز شریف نے باضابطہ طور پر انہیں کھانے پر مدعو کیا تھا۔ اس موقع پر دونوں خاندانوں کی خواتین نے مل کر شادی کے معاملات طے کیے۔
مہندی اور ولیمہ کی تقریبات جاتی عمرہ میں ہوں گی، جہاں صرف قریبی رشتہ داروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور اور شانزے شیخ گہری دوست ہیں، اور یہ رشتہ دو ماہ قبل طے پایا تھا۔

![جنید صفدر کی شادی جنوری میں شانزے شیخ سے طے [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/13545_2025-12-20_09-44-01.webp)











