پنجاب میں دھند کے باعث حدنگاہ کم ہونے پر موٹرویز مختلف مقامات پر بند کر دی گئی ہیں، سفر سے گریز کا مشورہ۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدنگاہ میں کمی کے سبب موٹرویز کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔
دھند کی شدت کے باعث موٹروے ایم ٹو کو ٹھوکر نیاز بیگ سے للہ انٹرچینج، ایم تھری کو فیض پور سے سمندری تک بند کر دیا گیا ہے۔
ایم فور کو شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں، ایم فائیو کو شیر شاہ سے ظاہر پیر اور ایم الیون کو لاہور سے سمبڑیال تک بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے ایم فائیو کو ظاہر پیر سے روہڑی تک بڑی گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
دھند کے باعث قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔













