الیکشن کمیشن نے اراکینِ پارلیمنٹ کو اثاثے جمع کرانے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈلائن دی، ناکامی پر رکنیت معطل کی جائے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الیکشن کمیشن نے اراکینِ پارلیمنٹ کو اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈلائن مقرر کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام اراکین کو مالی سال 25-2024 کے گوشوارے، شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات سمیت، جمع کرانا لازمی ہے۔ یہ گوشوارے الیکشن ایکٹ کے تحت مقررہ فارم بی پر جمع کروانا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام یکم جنوری کو شائع کیے جائیں گے، جبکہ 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے پر اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
معطل اراکین پارلیمنٹ یا اسمبلی کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے جب تک کہ وہ گوشوارے جمع نہ کرائیں۔ مزید برآں، غلط معلومات فراہم کرنے والے اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اور غلط بیانی ثابت ہونے پر 120 دن کے اندر قانونی عمل شروع کیا جائے گا۔
فارم بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اور متعلقہ دفاتر سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے، جبکہ یہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام اراکین کو مقررہ مدت میں گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

![اراکینِ پارلیمنٹ کے اثاثے جمع کرانے کی ڈیڈلائن 31 دسمبر مقرر [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/13363_2025-12-19_21-16-00.webp)











