آنکھ میں نصب مائیکرو چپ سے بینائی جزوی بحال

آنکھ میں نصب مائیکرو چپ اور خصوصی چشمہ کے ذریعے اے ایم ڈی کے مریضوں کی جزوی بینائی بحال کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
[پیرس]: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایج ریلیٹڈ میکولر ڈی جنریشن (اے ایم ڈی) دنیا بھر میں نابینا ہونے کی بڑی وجہ ہے جو عموماً 60 سال کی عمر کے بعد ظاہر ہوتی ہے۔ اس بیماری میں ریٹینا کے مرکزی حصے کے خلیے تباہ ہو جاتے ہیں، جس سے مرکزی بینائی ختم ہو جاتی ہے۔

بین الاقوامی محققین کی ایک ٹیم نے ایسا نیورو اسٹیمولیشن نظام تیار کیا ہے جو اس بیماری کے مریضوں کے لیے روشنی کی کرن بن سکتا ہے۔ پرائیما سسٹم کے نام سے یہ ٹیکنالوجی ڈیڈ فوٹو ریسیپٹر خلیوں کو نظرانداز کر کے ریٹینا کے فعال حصوں کو متحرک کرتی ہے تاکہ مریض دوبارہ روشنی محسوس کر سکے۔

یہ نظام دو حصوں پر مشتمل ہے، پہلا حصہ ایک مائیکرو چپ ہے جو ریٹینا کے نیچے نصب کی جاتی ہے، اور دوسرا حصہ آگمینٹڈ ریئلٹی چشمہ ہے جس میں کیمرہ لگا ہوتا ہے۔ کیمرہ مناظر کو ریکارڈ کر کے ایک کمپیوٹر تک بھیجتا ہے، جہاں انفراریڈ شعاعوں میں تبدیل کر کے امپلانٹ پر بھیجتا ہے، جو انہیں برقی سگنلز میں بدل کر دماغ تک پہنچاتا ہے۔

یورپ کے پانچ ممالک کے 17 مراکز میں کی گئی تحقیق کے مطابق، 38 مریضوں میں 81 فیصد کی نظر میں نمایاں بہتری آئی۔ ایک سال بعد، زیادہ تر مریض روزمرہ زندگی میں حروف، اعداد اور الفاظ پہچاننے لگے۔

تحقیق میں مجموعی طور پر 26 واقعات سامنے آئے، جن میں زیادہ تر عارضی اثرات شامل تھے۔ تحقیق کاروں کے مطابق، سسٹم کو محفوظ اور مؤثر قرار دیا گیا ہے اور مزید مشاہدہ اگلے 36 ماہ تک جاری رہے گا تاکہ طویل المدتی اثرات جانچے جا سکیں۔

دیگر متعلقہ خبریں