خیبر پختونخوا حکومت نے کیش لیس معیشت کے لیے قانون تیار کر لیا، ڈیجیٹل پیمنٹ ایکٹ 2026 ایوان میں پیش۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کو کیش لیس بنانے کے لیے قانون تیار کر لیا ہے۔ خیبر پختونخوا ڈیجیٹل پیمنٹ ایکٹ 2026 ایوان میں پیش کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر قانون افتاب عالم نے بل پیش کیا۔ اس کے مطابق خیبر پختونخوا میں تمام کاروباروں پر ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام نافذ ہوگا۔ دکانوں اور تجارتی مراکز پر کیو آر کوڈ آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔
تعلیمی ادارے، کلینکس اور ہسپتال بھی ڈیجیٹل پیمنٹ کے پابند ہوں گے۔ گاہک سے ڈیجیٹل ادائیگی پر کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔
ڈیجیٹل ادائیگی سے انکار کرنے والے کاروباری اداروں پر جرمانہ ہوگا۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے معیشت اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔
واضح رہے کہ مانیٹرنگ افسران کسی بھی وقت کاروباری مراکز کا معائنہ کر سکیں گے۔ نئے رجسٹرڈ ہونے والے کاروباروں کو دو سال تک ٹیکس رعایت ملے گی۔















