ٹرمپ نے ایران کو بجلی گھروں اور پلوں پر حملے کی دھمکی دی۔ آبنائے ہرمز کھولنے کا الٹی میٹم دیا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل کو ایران کے بجلی گھروں اور پلوں پر حملے کیے جائیں گے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ آبنائے ہرمز کھول دو ورنہ جہنم جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پیر کو ایران کے ساتھ معاہدے کا ایک اچھا موقع ہے۔ وہ پہلے ہی آبنائے ہرمز کھولنے یا پھر بدترین بمباری کی دھمکی دے چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر معاہدہ جلد نہ ہوا تو میں ایران کے پلوں اور پاور پلانٹس کو تباہ کرنے اور تیل پر قبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران معاہدہ کرنے میں ناکام ہوتا ہے تو ان کے ملک بھر میں پلوں اور پاور پلانٹس کو گرتے دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے ایران کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی تھی۔ وہ پہلے بھی ایران کو دھمکیاں دیتے رہے ہیں مگر ثالثی کی کوششوں کی وجہ سے ان میں توسیع کرتے رہے ہیں۔











