لاہور میں جے یو آئی نے پیٹرولیم قیمتوں کے خلاف دھرنا دیا، قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر دبئی چوک اقبال ٹاؤن میں دھرنا دیا ہے۔
مظاہرین کی بڑی تعداد نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
جے یو آئی کے رہنماؤں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے اور حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہونا چاہیے۔
دھرنے کے باعث اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ مظاہرین نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر قیمتوں میں فوری کمی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔














