ہیرو آف دی سیز، دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز اگست 2027 میں فلوریڈا سے روانہ ہوگا۔
میامی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز ہیرو آف دی سیز جلد اپنے اولین سفر پر روانہ ہونے کے لیے تیار ہے۔ یہ جہاز اگست 2027 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے اپنا سفر شروع کرے گا۔
اس بحری جہاز کی خصوصیات میں ریکارڈ بریکنگ واٹر پارک، 9 سوئمنگ پولز، 28 کھانے کے مقامات، اور متعدد منزلوں پر مشتمل فیملی ٹری ہاؤس شامل ہیں۔ جہاز کا وزن 2 لاکھ 50 ہزار 800 ٹن ہے، جو ٹائی ٹینک سے پانچ گنا بڑا ہے۔
رائل کیریبین کمپنی کا یہ جہاز ہزاروں مسافروں کو لے جائے گا اور اس کی بکنگ کا سلسلہ 2 اپریل 2026 سے شروع ہو چکا ہے۔ جہاز میں 2350 عملے کے افراد اور 7600 مہمان سفر کر سکیں گے۔
یہ جہاز آئیکون کلاس کا حصہ ہے جس میں دیگر بڑے کروز جہاز شامل ہیں۔ کمپنی نے اس جہاز کو فیملی تعطیلات کے لیے انقلابی قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ رائل کیریبین کا ایک اور جہاز آئیکون آف دی سیز اس وقت دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز ہے جو جنوری 2024 سے کام کر رہا ہے۔













