بلوچستان میں بارشوں کے باعث 9 افراد جاں بحق اور 150 گھر تباہ، امدادی سرگرمیاں جاری۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے شدید نقصانات کی رپورٹ محکمہ پی ڈی ایم اے نے جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 4 مرد اور 5 بچے شامل ہیں۔
محکمہ کے مطابق موسلادھار بارشوں سے 10 افراد زخمی ہوئے جن میں 8 بچے، 1 خاتون اور 1 مرد شامل ہیں۔ کیچ، ہرنائی، کوہلو اور لورالائی میں جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
جعفر آباد، کچھی اور ژوب میں بھی جانی نقصانات ہوئے ہیں۔ سیلابی صورتحال کی وجہ سے 150 گھر تباہ ہوئے، جن میں 28 مکمل اور 122 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
نصیر آباد، چمن، کوئٹہ، حب اور آواران میں مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں بارشوں کے باعث اکثر سیلابی صورتحال پیدا ہوتی رہتی ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں ہمیشہ نقصان ہوتا ہے۔














