گرمیوں میں دودھ جلد خراب ہوتا ہے، ماہرین کی دی گئی تجاویز پر عمل کر کے دودھ کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی کچن میں مختلف مسائل سامنے آتے ہیں، جن میں دودھ کا جلد خراب ہونا شامل ہے۔
اکثر لوگ صبح خریدا گیا دودھ چند گھنٹوں میں پھٹنے سے مالی نقصان اٹھاتے ہیں۔ زیادہ درجہ حرارت میں بیکٹیریا تیزی سے بڑھتے ہیں، جو دودھ کو خراب کرنے کی بڑی وجہ بنتے ہیں۔
ماہرین بتاتے ہیں کہ دودھ کو زیادہ دیر تک کھلا چھوڑنے یا صاف برتن میں نہ رکھنے پر یہ جلدی خراب ہوسکتا ہے۔ دودھ کو محفوظ رکھنے کے لیے اسے اچھی طرح ابالا جائے اور ابالنے کے فوراً بعد ٹھنڈا کر کے فریج میں رکھیں۔
دودھ کو ہمیشہ ڈھک کر رکھیں اور نکالتے وقت صاف برتن استعمال کریں۔ معمولی گندگی بھی دودھ کے خراب ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔
یاد رہے کہ دودھ ابالتے وقت ایک چمچ چینی شامل کرنے سے یہ زیادہ دیر تک تازہ رہتا ہے۔ ان سادہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے گرمیوں میں دودھ کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔















