وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کیا، یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت اور کفایت شعاری کے جامع پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔
فیصلے کے تحت اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنی پڑے گی۔ وزیراعلیٰ نے زراعت، خوراک اور کسانوں کے لیے نقد رقم دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ بائیک والے کو 20 لیٹر پر 100 روپے سبسڈی ملے گی۔ انہوں نے فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی کا بھی اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عالمی بحران کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور نرخ برقرار رکھنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی معاشی بحران کی وجہ سے پاکستان درآمدی تیل پر انحصار کی بنا پر زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا کہ حالات کی بہتری کے ساتھ عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔












