لاہور چڑیا گھر میں تنہا جانوروں کی جوڑیاں بنانے کا عمل شروع، افزائش نسل کی کوشش۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور چڑیا گھر میں برسوں سے تنہا جانوروں کی جوڑیاں بنانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ان کی افزائش نسل کو بڑھانا ہے۔
ماہرین کے مطابق بڑی نسل کے جانوروں کی بریڈنگ کیپٹویٹی (Captivity) میں ممکن مگر مشکل ہے۔ انہیں کھلی جگہ، متوازن خوراک اور پرائیوسی کی ضرورت ہوتی ہے۔ چڑیا گھر میں جنوبی افریقہ سے نر دریائی گھوڑا لایا گیا ہے تاکہ مادہ دریائی گھوڑے رانی کو ساتھی مل سکے۔
زائرین نے اس اقدام کو سراہا ہے۔ ایک وزیٹر فاطمہ کا کہنا ہے کہ زرافے اور گینڈے سمیت دیگر جانوروں کی بھی جوڑیاں بننی چاہئیں۔ ڈاکٹر بابرسلیم نے بتایا کہ چڑیا گھر میں دریائی گھوڑوں کے تالاب کی گہرائی اور جگہ ناکافی ہے۔
لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ چڑیا گھر میں وسیع جگہ اور ماہر ویٹرنری ٹیم موجود ہے۔ ماضی میں کئی کامیاب بریڈنگ ہوچکی ہے۔ گینڈے کی درآمد کا عمل جاری ہے اور تین زرافے بھی درآمد ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور چڑیا گھر میں جانوروں کی ویلفیئر کے لئے مزید بہتر انتظامات کی ضرورت ہے، تاکہ ان کی افزائش نسل ممکن ہو سکے۔












