محمد اورنگزیب نے پٹرول کی قیمت میں 458 اور ڈیزل میں 520 روپے اضافے کا اعلان کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ پٹرول کی نئی قیمت 458.40 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 520.35 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کے بعد پٹرول میں 137.23 روپے اور ڈیزل میں 184.49 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ اس اعلان سے پہلے پٹرول کی سرکاری قیمت 321.17 روپے اور ڈیزل کی قیمت 335.86 روپے فی لیٹر تھی۔
پریس کانفرنس میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے الگ ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا گیا۔ علی پرویز ملک کے مطابق موٹر سائیکل رکھنے والوں کو اگلے 3 ماہ تک 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی، جبکہ یہ سہولت زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر ماہانہ تک دستیاب ہوگی۔
حکومت نے ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے بھی ہدفی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ٹرکوں کو اگلے 3 ماہ تک 70 ہزار روپے ماہانہ اور انٹرسٹی بسوں کو 80 ہزار روپے ماہانہ تک سبسڈی دی جائے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ اس وقت ملک کو سب سے زیادہ اتحاد اور ڈسپلن کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جنگ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھونچال آیا، اور حکومت پہلے ہی 129 ارب روپے کی سبسڈی دے چکی ہے۔
واضح رہے کہ مارچ 2026 میں بھی عالمی کشیدگی کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس وقت پٹرول 55 روپے اضافے کے بعد 321.17 روپے اور ڈیزل 335.86 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا تھا۔















