ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے لیے مشترکہ پروٹوکول تیار کر رہے ہیں، امریکی جہازوں کو گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے بتایا ہے کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ پروٹوکول تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اور اس کے اتحادی ممالک کے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
روسی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ حالیہ امریکی و اسرائیلی جارحیت نے آبنائے ہرمز میں چیلنجز پیدا کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران حالتِ جنگ میں ہے اور امن کے قوانین کا اطلاق ممکن نہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ کے بعد بھی خطے کو مزید جارحیت کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ایران کی اصولی پالیسی کے مطابق جارح ممالک کے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے لیے پرعزم ہیں۔ تمام جہازوں سے توقع کی جائے گی کہ وہ پیشگی طور پر ایرانی اور عمانی حکام سے رابطہ کریں اور ضروری اجازت نامے حاصل کریں۔
واضح رہے کہ ایران اور عمان جہازوں کی آمد و رفت کو ریگولیٹ کرنے کے لیے پروٹوکول کے مسودے پر کام کر رہے ہیں۔ یہ مسودہ محفوظ سفری سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے اور اس کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔















