جونیئر اے آئی ورکر ملازمین کی نگرانی کرتا ہے، ان کی کوتاہیوں کی رپورٹ باس کو دیتا ہے۔
سان فرانسسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جدید ٹیکنالوجی میں اے آئی کو انسانی سہولت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، لیکن ایک نیا ‘ورچوئل کولیگ’ ملازمین کے لیے ذہنی دباؤ کا سبب بن رہا ہے۔ یہ اے آئی ایجنٹ ملازمین کی سخت نگرانی کرتا ہے اور ان کی کوتاہیوں کی رپورٹ براہ راست باس کو دیتا ہے۔
‘جونیئر’ نامی یہ خودکار ایجنٹ ایک عام سافٹ ویئر نہیں ہے، بلکہ اسے ایک مستعد ملازم کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کی متنازع خصوصیت یہ ہے کہ یہ کام میں ذرا سی بھی سستی یا تاخیر برداشت نہیں کرتا اور فوری طور پر اعلیٰ حکام کو اطلاع دیتا ہے، جسے ملازمین ‘باس کو مخبری کرنا’ کہتے ہیں۔
سلیکون ویلی کی اسٹارٹ اپ کمپنی ‘کیوز اے آئی’ کے بانی ژیانکون وُو نے اس اے آئی ایجنٹ کو تیار کیا ہے۔ جونیئر کمپنی کے مواصلاتی نظام، ڈیٹا اور ای میلز تک مکمل رسائی رکھتا ہے۔ اگر کوئی کام مقررہ وقت میں نہ ہو، تو یہ صبح سویرے متعلقہ ملازم کو تنبیہی پیغامات بھیجتا ہے۔
اس اے آئی ورکر کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی رونمائی کے بعد سے اب تک 2 ہزار سے زائد کمپنیاں اسے آزمانے کے لیے قطار میں ہیں۔ یہاں تک کہ ڈیمو دیکھنے کے لیے بھی 500 ڈالر کی بھاری رقم جمع کرانی پڑتی ہے۔
یاد رہے کہ جونیئر کا اپنا فون نمبر، ای میل اکاؤنٹ اور سلیک آئی ڈی ہے، اور یہ زوم میٹنگز میں شریک ہو کر گفتگو کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کمپنی کے بانی کا کہنا ہے کہ جونیئر 80 فیصد کمیونیکیشنز اور 80 فیصد کوڈنگ سنبھال رہا ہے، جو کہ حیران کن اور خوفناک پیش رفت ہے۔















