پاکستان میں ہر شہری 3 لاکھ 25 ہزار روپے کا مقروض ہو گیا

پاکستان پر مجموعی قرض 81 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا، ہر شہری اوسطاً 3 لاکھ 25 ہزار روپے کا مقروض۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان، ہر شہری 3 لاکھ 25 ہزار روپے کا مقروض

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اقتصادی امور کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان پر مجموعی قرض 81 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جس کے بعد ہر پاکستانی شہری اوسطاً 3 لاکھ 25 ہزار روپے سے زائد کا مقروض ہو گیا ہے۔

اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں آئی ایم ایف سمیت بیرونی اور مقامی قرضوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اقتصادی امور ڈویژن کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قرضوں میں سے 26 ہزار ارب روپے بیرونی جبکہ 55 ہزار ارب روپے مقامی قرضوں پر مشتمل ہیں۔

حکام کے مطابق ملک کی 25 کروڑ آبادی کے حساب سے فی کس قرض کا بوجھ تقریباً 3 لاکھ 25 ہزار روپے بنتا ہے، جو ملکی معیشت پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں قرضوں کے بڑھتے حجم اور اس کے معاشی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کمیٹی نے آئندہ حکمت عملی اور قرضوں کے مؤثر انتظام سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں۔

دیگر متعلقہ خبریں