برطانوی وزیراعظم کا اعلان، 35 ممالک کے نمائندوں کے ساتھ آبنائے ہرمز کھلوانے پر غور کے لیے بین الاقوامی سمٹ منعقد ہوگی۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ اس ہفتے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے منصوبے پر غور کے لیے 35 ممالک کے نمائندوں کو ایک سمٹ میں اکٹھا کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، برطانوی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر اس سمٹ کی میزبانی کریں گی جس کا مقصد دنیا کی سب سے اہم توانائی ترسیلی بحری راستے کو کھلوانے میں مدد کے لیے سفارتی اور سیاسی اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔
کیئر اسٹارمر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میٹنگ کے بعد، ہمارے فوجی منصوبہ سازوں کو بھی بلایا جائے گا تاکہ دیکھ سکیں کہ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کو کس طرح محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی کاروباری رہنما، جو جہاز رانی، مالیات اور توانائی کے شعبوں میں ہیں، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کاروباری رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انشورنس نہیں، بلکہ تیل بردار جہازوں کی حفاظت بنیادی چیلنج ہے، لہذا فوجی طاقت اور سفارتی سرگرمی کی ضرورت ہے۔














