حکومت سندھ نے ای وی ٹیکسی منصوبہ شروع کر دیا، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت سندھ نے جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکسی پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ بینک اور سندھ ڈویلپمنٹ فنڈ (SDF) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد شہری ٹرانسپورٹ میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت سندھ میں ای وی ٹیکسی سروس متعارف کرائی جائے گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے پنک بس سروس عالمی سطح پر سراہی جا چکی ہے۔ ای وی بسز کا اجرا بھی اس وژن کا حصہ ہے جو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پنک سکوٹیز سکیم کا بھی آغاز کیا ہے۔ اس سکیم کے تحت خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس دینے اور مفت تربیت فراہم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔














