مزمل اسلم نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں کہا کہ اب ہماری مدد کے لئے کوئی نہیں آئے گا اور ہمیں خود انحصاری کی طرف بڑھنا ہوگا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اب ہماری مدد کے لیے کوئی نہیں آئے گا اور ہمیں احتیاط سے خرچ کرنا ہوگا۔
مزمل اسلم نے اسمبلی میں پری بجٹ بحث کے دوران کہا کہ حکومتی ارکان نے بھی حکومت پر تنقید کی ہے۔ پہلے وفاقی حکومت صوبے کی مدد کرتی تھی، لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد یو ایس ایڈ (US Aid) بند ہوگیا، جس سے کئی منصوبے متاثر ہوئے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہمیں غریب عوام کو مہنگائی سے بچانا ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ اب وفاق اور دوست ممالک کی جانب سے مدد کی امید نہیں، ہمیں خود انحصاری کی طرف بڑھنا ہوگا۔ موسمیاتی تبدیلی بھی بڑا چیلنج ہے جس کے لیے کے پی کلائمیٹ بورڈ قائم کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 20 ہزار سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ اب ہمیں اپنے وسائل خود بچانا ہوں گے اور نجی شعبے میں روزگار کے مواقع بڑھانے ہوں گے۔














