خیبرپختونخوا حکومت کے قرضوں کا بوجھ 6 ماہ میں 33 ارب بڑھ گیا

خیبرپختونخوا میں 6 ماہ کے دوران قرضوں کا بوجھ 33 ارب روپے بڑھا، مجموعی قرض 809 ارب تک پہنچ گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
خیبرپختونخوا، قرضوں کا بوجھ 6 ماہ میں 33 ارب بڑھا

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا میں قرضوں کا بوجھ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ہر ماہ تقریباً ساڑھے 5 ارب روپے کا اضافہ ہو رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 6 ماہ میں صوبے کے قرضوں میں 33 ارب 42 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اب مجموعی قرض 809 ارب 74 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ جون سے دسمبر کے دوران صوبائی حکومت نے 25 ارب 56 کروڑ روپے کے قرضے واپس کیے۔ ان میں سے 15 ارب 81 کروڑ روپے اصل قرض جبکہ 9 ارب 75 کروڑ روپے سود کی مد میں ادا کیے گئے۔

اس کے علاوہ حکومت کو اسی مدت میں قرض کی مد میں 45 ارب 9 کروڑ روپے کی وصولی بھی ہوئی۔

واضح رہے کہ سب سے زیادہ قرض عالمی مالیاتی اداروں سے لیا گیا ہے، جس میں عالمی بینک سے 352 ارب 50 کروڑ روپے 46 منصوبوں کے لئے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 351 ارب 80 کروڑ روپے 44 منصوبوں کے لئے حاصل کیے گئے۔

دیگر متعلقہ خبریں