سعودی عرب میں منظم بھکاری نیٹ ورک کے انکشاف کے بعد رقوم کی منتقلی حوالہ ہنڈی کے ذریعے کی جاتی تھیں، ملزمان گرفتار۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب میں منظم بھکاری نیٹ ورک کے حوالے سے اہم انکشاف ہوا ہے کہ یہ نیٹ ورک حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقوم منتقل کرتا ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق، فیصل آباد کے رہائشی مسافر محمد جمیل اور گڑیا بی بی سعودی عرب سے کراچی پہنچے۔ دوران کلیئرنس دونوں کو مشکوک بنیادوں پر روکا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دونوں عمرہ ویزہ پر بیرون ملک گئے تھے۔ مسافروں نے جہلم کے ایجنٹ کشمیر علی کے ذریعے سفر کرنے کا اعتراف کیا۔ مزید تفتیش میں منظم بھکاری نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔
نیٹ ورک سعودی عرب میں بھیک مانگ کر رقوم اکٹھی کرتا تھا، جو حوالہ ہنڈی کے ذریعے کینیڈا میں موجود ایجنٹ کو منتقل کی جاتی تھیں۔ تفتیش کے مطابق ملزمان نے سہولت کار افتخار عرف “وکیل” کا نام ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے رسیدیں اور وائس نوٹس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دونوں مسافروں کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔














