وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو پیٹرولیم لیوی پر آئی ایم ایف سے بات چیت کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ بڑھتی پیٹرولیم قیمتوں کا بوجھ عوام پر نہ پڑے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد لیوی کے بارے میں آئی ایم ایف سے بات چیت کریں، تاکہ ایران جنگ کے سبب بڑھتی پیٹرولیم قیمتوں کا بوجھ عوام پر نہ پڑے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو تاکید کی ہے کہ وہ پیٹرولیم قیمتوں میں ممکنہ تبدیلی کو موجودہ لیوی کے ذریعے متوازن بنانے کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ اٹھائیں۔ اس وقت حکومت فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے اور ڈیزل پر 55 روپے لیوی عائد کر رہی ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب حکومت پہلے ہی ایندھن کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے 129 ارب روپے کی سبسڈی دے چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ریلیف ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور بچت کے ذریعے فراہم کیا گیا، جو حکومت کی عوام کو عالمی تیل منڈی کے اثرات سے بچانے کی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔
ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ایران جنگ کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ملکی پیٹرولیم نرخوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔
واضح رہے کہ حکومت ایسے آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے جن سے تیل کی عالمی قیمتوں کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ فنانس ڈویژن کو آئی ایم ایف سے ممکنہ لیوی کی تشکیل نو پر بات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔














