امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سفارت خانوں کو غیر ملکی پراپیگنڈا کے خلاف مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا نے دنیا بھر کے سفارت خانوں کو غیر ملکی پراپیگنڈا کے خلاف مہم چلانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ ہدایت امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے دستخط سے جاری ہونے والی ایک سفارتی کیبل میں دی گئی ہے۔
کیبل میں پانچ بڑے اہداف طے کیے گئے ہیں جن میں مخالف بیانیے کا جواب دینا اور معلومات تک رسائی بڑھانا شامل ہیں۔ اسی طرح امریکا نواز مقامی آوازوں کو ابھارنے اور امریکا کا مؤقف زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
ہدایت نامے میں امریکی سفارتی دفاتر کو فوج کے ملٹری انفارمیشن سپورٹ آپریشنز (MISO) کے ساتھ رابطہ رکھنے کو کہا گیا ہے۔ یہ غیر معمولی اقدام ہے کیونکہ عمومی طور پر عوامی سفارت کاری کو فوجی نفسیاتی آپریشنز کے ساتھ نہیں جوڑا جاتا۔
کیبل میں ایلون مسک کے سوشل پلیٹ فارم ایکس کے کمیونٹی نوٹس فیچر کو عوامی شراکت کا جدید ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ یورپی کمیشن نے ایکس پر ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا ایران کے ساتھ جنگی صورت حال میں ہے اور روسی و چینی اثرانداز مہمات کو بھی خطرہ قرار دیتا رہا ہے۔














