اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں 78 روپے 28 پیسے کا اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 304 روپے 12 پیسے فی کلو مقرر کردی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 78 روپے 28 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمت کے تحت ایل پی جی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 304 روپے 12 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
گھریلو سلنڈر (11.8 کلو) کی قیمت اب 3 ہزار 588 روپے 59 پیسے ہوگی۔ یہ قیمتیں یکم اپریل 2026 سے مقامی اور درآمدی ایل پی جی پر لاگو ہوں گی۔
اوگرا نے بتایا ہے کہ ایل پی جی پروڈیوسر پرائس 3 ہزار 101 روپے 25 پیسے فی سلنڈر مقرر کی گئی ہے، جس میں مارکیٹنگ، ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسپورٹ مارجن بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں یہ اضافہ ملک میں توانائی کی بڑھتی ضروریات اور عالمی مارکیٹ کے اثرات کے باعث کیا گیا ہے۔















