ساحر علی بگا نے بھارتی موسیقی پر پابندی کی تجویز پیش کی، دونوں ممالک میں برابری کی بنیاد پر فیصلے کی ضرورت پر زور دیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) معروف گلوکار ساحر علی بگا نے حالیہ گفتگو میں پاکستان میں بھارتی موسیقی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان برابری کی بنیاد پر فیصلے ہونے چاہئیں۔
ایک انٹرویو کے دوران ساحر علی بگا نے بتایا کہ جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ہوتی ہے تو بھارت پاکستانی مواد پر فوری پابندیاں لگاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پلیٹ فارمز پر پاکستانی گانوں پر پابندی ہے، جبکہ پاکستان میں بھارتی گانے سنے جا رہے ہیں۔
گلوکار ساحر نے کہا کہ اگر بھارتی حکومت یا پلیٹ فارمز پاکستانی موسیقی کو محدود کر رہے ہیں تو پاکستان کو بھی ردعمل دینا چاہیے۔ ان کے مطابق مقامی میوزک انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے کی ابتدا بھارت نے کی، اس لیے پاکستان کو بھی اپنی انڈسٹری کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تاکہ مقامی فنکاروں کو مواقع مل سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھارتی گانوں کی مقبولیت کے باوجود بھارت نے پاکستانی مواد پر پابندیاں لگا رکھی ہیں، جس سے مقامی فنکار متاثر ہو رہے ہیں۔















