حکومت نے دو ماہ میں بجلی صارفین کو 26 ارب 85 کروڑ روپے کا ریلیف دیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بجلی ٹیرف میں 71 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے دو ماہ کے دوران بجلی صارفین کو 26 ارب 85 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کیا۔ ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے پرعزم ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومت اب تک بجلی صارفین کو 46 ارب 56 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کر چکی ہے۔ بجلی ٹیرف میں مجموعی طور پر 71 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جبکہ دو سالوں میں صنعتی ٹیرف میں 14.44 روپے فی یونٹ کمی ہوئی ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق، جنوری اور فروری میں صارفین کو 26 ارب 85 کروڑ روپے کا خالص ریلیف ملا۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو 48 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں 21.18 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ جولائی تا فروری صارفین کو 33 ارب 29 کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا۔ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ سے 13.28 ارب اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس سے 33.29 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے عالمی ایندھن قیمتوں کے دباؤ کو خود برداشت کیا اور بجلی قیمتوں میں استحکام کیلئے اقدامات جاری رکھے ہیں۔ صارفین کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔















