وفاقی سطح پر گندم کی خریداری نجی شعبے کے سپرد کردی گئی، 3500 روپے فی من خریداری ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) رواں سال وفاقی سطح پر گندم کی خریداری کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ نجی کمپنیاں ملک بھر سے 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدیں گی اور قیمت کا تعین عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوگا۔
آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت وفاقی حکومت گندم کی خریداری سے دستبردار ہوگئی ہے۔ اس سال گندم کے اسٹریٹیجک ذخائر نجی شعبہ خریدے گا جبکہ وفاقی حکومت گوداموں کی مینٹیننس کے اخراجات خود برداشت کرے گی۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق کے لیے خریداری نجی کمپنیاں کریں گی۔
حکام کے مطابق خریداری میں حصہ لینے والی کمپنیوں کی ایکویٹی ویلیو ایک ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔ ایک ارب روپے سے کم والی کسی کمپنی کو شارٹ لسٹ نہیں کیا گیا۔ مجموعی طور پر 20 کمپنیاں گندم کی خریداری کریں گی۔
پنجاب فوڈ حکام کے مطابق نجی کمپنیاں وفاق کے لیے 15 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدیں گی۔ پنجاب کے لیے 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم نجی شعبہ خریدے گا جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لیے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔ سندھ حکومت پرانے طریقہ کار سے 12 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی۔
واضح رہے کہ گندم کی خریداری میں نجی شعبے کی شمولیت آئی ایم ایف کی شرائط کا حصہ ہے، جو کہ حکومت کو مالی بوجھ سے آزاد کرتی ہے اور عالمی معیار کے مطابق قیمتوں کا تعین ممکن بناتی ہے۔















