لاہور کی پی ای اے روڈ مارکیٹ میں خواتین کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار، مقدمہ درج۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ستوکتلہ پولیس نے شاپنگ پر آئی خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا ہے۔
ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے بتایا ہے کہ پولیس نے کریم پارک سے ملزم کو ٹریس کیا۔ خواتین پی ای اے روڈ مارکیٹ میں شاپنگ کے لیے آئی تھیں جہاں ملزم نے چھیڑ خانی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزم کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔ وائرل وڈیو میں ملزم کو ہراساں کرکے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزم علی وقار کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی روک تھام کے لیے پولیس متحرک ہے۔















