روزانہ 11 منٹ کی اضافی نیند دل کی بیماریوں کا خطرہ کم کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حالیہ تحقیق کے مطابق روزانہ صرف 11 منٹ کی اضافی نیند دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کر سکتی ہے۔ یہ تحقیق یورپی جرنل آف پریوینٹو کارڈیالوجی میں شائع ہوئی۔
ماہرین نے 53 ہزار سے زائد افراد پر آٹھ سال تک جاری رہنے والی تحقیق میں دریافت کیا کہ روزمرہ کی معمولی تبدیلیاں دل کی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہیں۔ ان تبدیلیوں میں معمولی نیند بڑھانا، چہل قدمی اور سبزیوں کا اضافہ شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹی تبدیلیاں دل کی بیماریوں کے خطرے کو تقریباً 10 فیصد تک کم کر سکتی ہیں۔ اگر روزانہ 8 سے 9 گھنٹے کی مکمل نیند، باقاعدہ ورزش اور متوازن غذا کو معمول بنا لیا جائے تو یہ خطرہ 50 فیصد سے زیادہ کم ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے دوران شرکاء کی نیند اور جسمانی سرگرمیوں کو اسمارٹ واچز کی مدد سے مانیٹر کیا گیا، جبکہ ان کی خوراک کے بارے میں معلومات خود ان سے حاصل کی گئیں۔ اس عرصے میں دو ہزار سے زائد افراد میں دل سے متعلق سنگین مسائل ریکارڈ کیے گئے۔
واضح رہے کہ بڑی تبدیلیاں لانے کے بجائے چھوٹے اور آسان اقدامات کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا زیادہ مؤثر ہے۔ یہ طریقہ طویل مدت میں صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔















