این ڈی ایم اے نے اگلے 24 گھنٹوں تک ملک میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) این ڈی ایم اے نے اگلے 12 سے 24 گھنٹے کے دوران ملک میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ مزید بارش برسائے گا۔
مختلف شہروں میں رات سے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، کشمیر، پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں تیز بارش کا امکان ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں 7 گھنٹے سے بارش جاری ہے، ہوا کی رفتار میں اضافے سے ٹھنڈک کا احساس بڑھ گیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا ہے، درجہ حرارت میں کمی سے سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان میں بھی بارش ہوگی، بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔














