کیلیفورنیا کے آکسنارڈ ایئرپورٹ پر 11 سالہ رشی کی پائلٹ مہارت کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کیلیفورنیا کے آکسنارڈ ایئرپورٹ پر 11 سالہ رشی کی پائلٹ مہارت کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ اس ویڈیو میں رشی کو ٹچ اینڈ گو لینڈنگ کرتے دکھایا گیا ہے، جس میں وہ ہوائی جہاز کو اعتماد کے ساتھ کنٹرول کر رہا ہے۔
ویڈیو میں رشی کو رن وے 25 پر جہاز کو ہموار طریقے سے اتارتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انسٹرکٹر نے اسے "بہت اچھی لینڈنگ” کہا ہے۔ طیارے کے پہیے زمین کو چھوتے ہی رشی انجن کی طاقت بڑھا کر دوبارہ اڑان بھرنے کی مہارت دکھاتا ہے۔
یہ ویڈیو اب تک 20 لاکھ سے زیادہ بار دیکھی جا چکی ہے، اور دیکھنے والوں نے رشی کی مہارت کو سراہا ہے۔ کئی صارفین نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ بچہ بڑوں سے بہتر ڈرائیو کرتا ہے۔
رشی نے صرف سات سال کی عمر سے تربیت شروع کی تھی اور وہ پائلٹ بننے کے خواب کی طرف مسلسل قدم بڑھا رہا ہے۔ انسٹرکٹر اور ویڈیو دیکھنے والے دونوں رشی کی خود اعتمادی کو سراہ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اگر شوق کو بچپن سے ہی صحیح سمت مل جائے، تو کامیابی کی پرواز بلند ترین آسمانوں کو چھو سکتی ہے۔















