علی ظفر نے عید کے لباس پر ہونے والی تنقید کا دلچسپ انداز میں جواب دیا، قوم سے معافی مانگی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے عید کے موقع پر اپنے لباس پر ہونے والی تنقید کا دلچسپ انداز میں جواب دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری نوٹ میں اپنے شفاف کرتے پر تبصروں کو قومی اور عالمی سطح کا سنگین مسئلہ قرار دیا۔
عید کے موقع پر علی ظفر نے ہلکے گلابی و پیچ رنگ کی قمیض کے ساتھ دھوتی نما لباس پہنا، جبکہ ایک اور موقع پر وہ ہلکے سبز رنگ کے کُرتے میں اپنی اہلیہ کے ساتھ نظر آئے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
علی ظفر نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر ایک اسٹوری میں قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بغیر اندرونی بنیاں کے شفاف کرتہ پہنا اور روایتی اجرک دھوتی میں پودے پانی دیے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ حالیہ دنوں کا سب سے اہم مسئلہ بن چکا ہے، اور وہ اس سنگین غلطی کو دوبارہ نہ دہرانے کی کوشش کریں گے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بیان پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ علی ظفر کو پہلے بھی ان کے غیر روایتی لباس کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے، لیکن انہوں نے ہمیشہ مزاحیہ انداز میں جواب دیا ہے۔















