چین میں یوم پاکستان کی تقریب، سفیر خلیل ہاشمی کا خطاب

چین میں پاکستان کے سفارت خانے نے یوم پاکستان کی تقریب منعقد کی، جس میں سفیر خلیل ہاشمی نے خطاب کیا اور پاکستان و چین کی دوستی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
چین میں یوم پاکستان کی تقریب، سفیر خلیل ہاشمی کا خطاب

بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین میں پاکستانی سفارت خانے نے پیر کو یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں سفارت خانے کے افسران و اہلکاروں، چین میں مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے قومی پرچم لہرایا اور تقریب سے خطاب کیا۔

تقریب کے دوران صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیر خلیل ہاشمی نے چین میں مقیم پاکستانی برادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط قومی ترقی اور سلامتی کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان اور چین کی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2026 دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے باعث اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ 21 ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔ اس کوشش کو چین کے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے وسائل سے جوڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی، تحقیقی اور کاروباری مواقع بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی، جدید صنعتوں، زراعت اور عوامی روابط کے شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے امن، ترقی اور خوش حالی کے لیے دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات 1951 میں قائم ہوئے تھے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں