وزیراعظم شہباز شریف نے آبی قلت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے 18 ڈیمز کی تعمیر اور پانی کے مؤثر استعمال کی کوششوں کا اعلان کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم آب پر کہا کہ پاکستان کو آبی قلت کا چیلنج درپیش ہے، موسمیاتی اور گلیشیئر نظام کی تبدیلی نے خطرات بڑھا دیے ہیں۔ حکومت قومی آبی پالیسی کے تحت متعدد اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے۔ ذخیرہ آب میں اضافے کے لیے 18 ڈیمز کی تعمیر جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مؤثر نہری نظام سے پانی ضیاع میں 33 فیصد کمی لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور پانی کے استعمال میں 30 فیصد اضافہ کر رہے ہیں۔ ارسا آبی نظام میں شفافیت کے لیے ٹیلی میٹری نصب کر رہا ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ پانی کی کمی کا اثر سب پر یکساں نہیں ہوتا، خواتین خصوصاً بچیاں زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ محفوظ پانی کی فراہمی قومی ترجیح بنانا ضروری ہے۔ زیرزمین آبی ذخائر بھرنے کے اقدامات کرنا ہوں گے۔
صدر نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی مذمت کی اور کہا کہ مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا تشویشناک ہے۔ بھارت عالمی وعدے کے مطابق معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے۔














