ایران نے بجلی گھروں پر حملے کی صورت میں امریکا اور اسرائیل کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز)ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے بجلی گھروں پر حملہ کیا گیا تو وہ مشرق وسطیٰ میں امریکا اور اسرائیل سے منسلک توانائی تنصیبات پر جوابی کارروائی کرے گا۔ ایرانی فوجی قیادت نے واضح کیا ہے کہ پانی صاف کرنے والے پلانٹس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایران کے خاتم الانبیا مرکزی کمان کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ تہران اپنے بجلی کے نظام پر کسی حملے کا جواب خطے بھر میں دے گا۔ ان کے مطابق امریکی اور اسرائیلی مفادات سے جڑی توانائی، پانی اور ٹیکنالوجی کی تنصیبات ایرانی جوابی حملوں کا نشانہ بن سکتی ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے چکے ہیں، ورنہ ایرانی بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔
ادھر ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے مرحوم علی لاریجانی کے ایک سابق انتباہ کا بھی حوالہ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاریجانی نے کہا تھا کہ اگر ایران کے بجلی کے نظام پر حملہ ہوا تو پورا خطہ آدھے گھنٹے کے اندر اندھیرے میں ڈوب سکتا ہے۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز، ایران کے توانائی ڈھانچے اور خطے کی اسٹریٹجک تنصیبات کے گرد کشیدگی میں حالیہ دنوں تیزی آئی ہے، جس کے باعث مشرق وسطیٰ میں توانائی، پانی اور مواصلاتی نظام کے تحفظ سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔












