کراچی میں عید الفطر کی چاند رات پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 9 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جن میں بچے، خواتین اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں عید الفطر کی چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔ مختلف علاقوں میں مغرب کی نماز کے بعد نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے دو نوعمر لڑکے، ایک خاتون اور ایک پولیس اہلکار سمیت 9 افراد متاثر ہوئے۔
کیماڑی ڈاکس کالونی میں عبدالرحمٰن، قائد آباد لانڈھی داؤد چورنگی میں ارحم، پیر آباد میں 35 سالہ ساجن اور پولیس اہلکار دلدار زخمی ہوئے۔
مومن آباد اورنگی ٹاؤن، ماڑی پور مچھر کالونی، نارتھ ناظم آباد، لیاری اور سپرہائی وے جنجال گوٹھ میں بھی فائرنگ کے واقعات پیش آئے جس میں زینب، شہروز، عذیر، محمد اور ثمرین زخمی ہوئے۔
تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید، سول اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعات نامعلوم سمت سے پیش آئے ہیں جس کی مزید تفتیش جاری ہے۔













