استنبول میں فیشن انفلوئنسر عائشہ گل کی اچانک موت کی تحقیقات جاری، پولیس نے سکیورٹی فوٹیج کا جائزہ لیا۔
استنبول: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترکیہ کی معروف فیشن انفلوئنسر عائشہ گل ایراسلان کی اچانک اور پراسرار موت نے ان کے مداحوں کو صدمے میں مبتلا کر دیا۔ ستائیس سالہ عائشہ کو استنبول کے علاقے کاغیتھانے میں ان کی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جہاں اہلخانہ نے رابطہ نہ ہونے پر حکام کو اطلاع دی۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس اور پراسیکیوٹر نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور لاش کو مزید فرانزک جانچ کے لیے منتقل کر دیا تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
تحقیقات میں عمارت کی سکیورٹی فوٹیج بھی دیکھی گئی جس میں ایک شخص، سونائے کُرتولوش کو ان کے گھر میں داخل ہوتے اور کچھ دیر بعد نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس نے اس شخص سے پوچھ گچھ کی، مگر بیان ریکارڈ کرنے کے بعد چھوڑ دیا۔
عائشہ گل سوشل میڈیا پر ایک نمایاں فیشن انفلوئنسر کے طور پر مشہور تھیں اور ان کے لاکھوں فالوورز تھے، وہ ترک فیشن شو میں بھی شرکت کر چکی تھیں جس سے ان کی مقبولیت بڑھی تھی۔















