وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنانے کی اپیل کی ہے۔ اجلاس میں موجودہ ذخائر، کھپت اور عالمی قیمتوں پر غور کیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنانے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث کفایت شعاری کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
وزیر خزانہ نے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی مکمل دستیابی کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں ملکی ذخائر اور کھپت پر بریفنگ دی گئی۔ مشرق وسطیٰ کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے ساتھ جامع لائحہ عمل مرتب کریں۔ اشرافیہ بچت اور کفایت شعاری کے جذبے کو اپنائے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔
اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پیٹرول بچانے کے لیے کار پولنگ اور اجتماعی نقل و حرکت اپنائی جائے۔ غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔













