سعودی وزیر خارجہ نے ایران پر الزام لگاتے ہوئے فوجی کارروائی کا عندیہ دیا ہے، جبکہ ریاض میں دو آئل ریفائنریز پر حملے کے بعد سیاسی اور غیر سیاسی اقدامات کی بات کی۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ یہ بیان انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں دیا۔
شہزادہ فیصل نے کہا کہ ریاض میں دو آئل ریفائنریز پر حملے کیے گئے، جن کا الزام ایران پر عائد کیا گیا ہے۔ ان کے بقول ایران نے سول انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا کر اپنی ساکھ کو متاثر کیا ہے اور وہ ان حملوں کے لیے پہلے سے تیار تھا۔
سعودی وزیر خارجہ نے ایران پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو اپنے غلط اندازوں پر نظرثانی کرنی چاہیے، کیونکہ ان حملوں سے اسے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنے پراکسی گروپوں کی حمایت بند کرنی چاہیے اور مخالفانہ رویہ ترک کرنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف سیاسی اور غیر سیاسی دونوں طرح کے اقدامات ممکن ہیں۔ اگر سیاسی دباؤ ناکام ہوا تو سعودی عرب فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے اور وقت آنے پر قیادت ضروری فیصلہ کرے گی۔
سعودی وزیر خارجہ نے بحری جہاز رانی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ آزادانہ جہاز رانی کو درپیش کسی بھی خطرے کے مقابلے کے لیے اجتماعی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ایران خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے۔













